فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لیبیا کی عرب مسلح افواج کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر سے ملاقات کی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) پہنچے۔ لیبیا کی عرب مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف اور ڈپٹی کمانڈر انچیف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص متعلقہ خطوں کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں پیشہ ورانہ تعاون پر بھی توجہ مرکوز کی گئی، دونوں فریقین نے پاکستان اور لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان مسلسل مصروفیت اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور ملک میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی جو دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
قبل ازیں نور خان ایئر بیس پہنچنے پر فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر کا استقبال فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیا۔ معزز مہمان نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔









