انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ بلوچستان کے لورالائی میں دہشت گردوں کی گاڑی پر حملہ کرنے سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک اہلکار شہید اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔
فوج کے میڈیا ونگ کے مطابق ایف سی کی ایک گاڑی فوجیوں کو لے کر لورالائی کے شاہریگ علاقے سے گزر رہی تھی کہ دہشت گردوں نے اس پر فائرنگ کردی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایف سی کے دستوں نے فوری جواب دیا اور 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران نائیک شریف شہید ہوئے جبکہ حملے میں میجر قاسم اور ایک سپاہی زخمی ہوئے۔ لاش اور زخمیوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایف سی کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے اور اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے نائیک شریف کے خاندان سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
لورالائی بلوچستان میں ایف سی کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں
فائرنگ واقعے میں شہید نائیک شریف کے لواحقین کے ساتھ اظہارتعزیت
ایف سی گاڑی پر فائرنگ ایک انتہائی بزدلانہ کاروائی ہے۔
دہشت گردی کی بزدلانہ کاروائیاں ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) August 14, 2021
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد اس طرح کے بزدلانہ حملے کر کے ہماری افواج کو کمزور نہیں کر سکتے۔
اس سے قبل 25 جون کو بلوچستان کے سبی میں دہشت گردوں کے حملے میں فرنٹیئر کور کے پانچ جوان شہید ہو گئے تھے۔
دہشت گردوں نے ضلع سبی کے علاقے سانگن میں ایف سی کی ایک گشتی پارٹی کو نشانہ بنایا تھا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔