وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پیر کو اس امید کا اظہار کیا کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اتحادی جماعتیں انتخابی اصلاحات کے معاملے پر حکومت کا ساتھ دیں گی۔
اسلام آباد میں پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گی تو حکومت صورتحال سے موثر انداز میں نمٹے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی ڈی ایم کے کارکنان قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیتے اور وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال پیدا نہیں کرتے تو ہم اس صورت حال کو شائستگی سے سنبھالیں گے۔
پی ڈی ایم پر تنقید کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے اپوزیشن اتحاد پر زور دیا کہ وہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑے۔
پولیس فورس میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو بھرتی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال کی وجہ سے ملک میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اندرونی خطرات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی کے اتحادیوں کی جانب سے اجلاس میں پیش کیے جانے والے بلوں پر تحفظات کا اظہار کرنے کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی کر دیا گیا تھا۔
مسلم لیگ ق کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو سپورٹ کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
حکمران اتحاد دلدل میں پھنسا ہوا دکھائی دے رہا ہے کیونکہ پی ٹی آئی کی ایک اہم اتحادی جماعت نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے درمیان عوام کی تکالیف پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
اتوار کو ٹویٹس کی ایک سیریز میں، مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا تھا کہ اتحادی کے طور پر پی ٹی آئی حکومت کی حمایت کرنا واقعی مشکل ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت عوامی مشکلات کو کم کرنے میں ناکام نظر آتی ہے اور افسوس کا اظہار کیا کہ وہ نان ایشوز کو سنگین ایشوز بنا کر عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے۔
الٰہی نے کہا تھا کہ اگر عام آدمی کو فوری ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو صورتحال مزید خراب ہو جائے گی اور متعلقہ حکام کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کو درپیش تمام مسائل کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔